مواد کی مارکیٹنگ (Content Marketing) کے لیے 15 اہم نکات
( سید عبدالوہاب شاہ )
مواد کی مارکیٹنگ کے فوائد کیا ہیں؟.
مواد کی مارکیٹنگ کے لیے ١٥ اہم نکات.
٢۔ عارضی اور وقت مواد نہ پبلش کریں.
٣۔ لوگ اور سرچ انجن دونوں کی ضرورت کو مد نظر رکھیں۔
٧۔ متوجہ کرنے والا مواد شائع کریں۔
١٢۔ اپنے مواد کی تشہیر کی فکر کریں۔
١٣۔ اپنے مواد کو کیٹگریز میں تقسیم کریں۔
١٤۔ اپنی حکمت عملی کو جانچتے رہیں۔
١٥۔ طویل مدتی حکمت عملی اختیارکریں
کسی بھی کامیاب آن لائن کاروبار کے پیچھے ایس ای او سے بھی زیادہ طاقتور چیز مواد کی مارکیٹنگ(Content Marketing) ہوتی ہے۔ اب سوال پیدا ہوتا ہے:
مواد کیا ہے؟
مواد سے مراد ہر وہ چیز ہے جو ویب پیج پر شائع کی جاتی ہے۔ وہ تحریر بھی ہوسکتی ہے، تصویر اور ویڈیو بھی ہو سکتی ہے، آڈیو یا پی ڈی ایف بھی ہو سکتی ہے۔
مواد کی مارکیٹنگ کے فوائد کیا ہیں؟
مواد کی مارکیٹنگ کے بہت سے فوائد ہیں۔
- مثلا مواد کے ذریعے ہی آپ کو گوگل سرچ سے ٹریفک حاصل ہوتی ہے۔
- اچھے مواد کو لوگ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں جس سے بہت زیادہ ٹریفک حاصل ہوتی ہے۔
- اچھے مواد پر ٹریفک اپنا زیادہ ٹائم صرف کرتی ہے۔
- اچھے مواد پر وزٹرز اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔
- اچھا مواد آپ کے برانڈ کی مشہوری کا سبب بنتا ہے، وغیرہ ۔
مواد کی مارکیٹنگ کے لیے ١٥ اہم نکات
١۔ منصوبہ بندی کریں۔
مواد جس شکل میں بھی ہو، ویڈیوز، آڈیوز یا تحریری شکل میں، آپ کا انتخاب اچھا ہونا چاہیے۔ یہ کام تو بہت آسان ہے کہ آپ کہیں سے بھی مواد اٹھا اٹھا کر ویب سائٹ پر لگا رہے ہیں، لیکن اس کا آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ آپ اچھی منصوبہ بندی کریں، اپنے دماغ سے سوچیں، لوگوں کی ضرورت کو دیکھیں اور پھر اس کے مطابق مواد کا انتخاب کریں۔
٢۔ عارضی اور وقت مواد نہ پبلش کریں
مواد کا انتخاب کرتے ہوئے اس چیز کو مدنظر رکھیں کہ آپ کا مواد سدا بہار ہونا چاہیے۔ یعنی ایسا مواد جو وقتی اہمیت رکھتا ہو اس کا فائدہ بہت کم ہوتا ہے۔ آپ ایسا مواد بنائیں جو آج سے پانچ دس بیس سال بعد بھی لوگوں کو فائدہ دے رہا ہو اور ان کی ضرورت پوری کر رہا ہو۔ مثال کے طور پر آپ کسی خبر کا مواد شائع کرتے ہیں تو یہ عارضی چیز ہے، چند دن کے بعد یہ خبر ماضی کا حصہ بن جاتی ہے۔ اس لیے آپ کا مواد ایسا ہو جو ہر زمانے کی ضرورت کو پورا کرے۔
٣۔ لوگ اور سرچ انجن دونوں کی ضرورت کو مد نظر رکھیں۔
آپ کا کام صرف یہ پریکٹس نہیں ہونا چاہیے کہ بس کوئی بھی چیز ملی اور اسے پبلش کر دیا۔ بلکہ آپ لوگوں کی ضرورت کو بھی دیکھیں اور سرچ انجنوں کی ڈیمانڈ کو بھی دیکھیں۔
مواد وہ تیار کریں جس کی لوگوں کو ضرورت ہے اور لوگ تلاش کر رہے ہیں۔ اسی طرح مواد کو پبلش کرتے ہوئے ان اصولوں کو مد نظر رکھیں جو سرچ انجنوں نے مقرر کر رکھے ہیں۔ اگر آپ لوگوں کی ضرورت کا مواد تیار کرکے پبلش کر بھی دیں گے، لیکن سرچ انجن کے اصول یعنی ایس ای او کا خیال نہیں رکھیں گے تو بھی آپ کا مواد زیادہ لوگوں تک نہیں پہنچ پائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آرگینک سرچ کیا ہے؟
یہ بھی پڑھیں: آن پیج ایس ای او کیا ہے
یہ بھی پڑھیں: آف پیج ایس ای او کیا ہے
سرچ انجن کا کام لوگوں کی سرچ کے جواب میں انہیں بہترین نتائج دینا ہے۔ ان نتائج کی تلاش کے لیے سرچ انجن نے اپنا ایک الگوریتھم بنایا ہوا ہے، اس الگوریتھم کے مطابق اپنے مواد کو ترتیب دینا بھی ضروری ہے۔
٤۔ ایس ای او اور سوشل شیئرنگ
اپنے مواد کی بہتری ایس ای او بھی کریں اور پھر اس مواد کو شوشل میڈیا پر شیئربھی کریں۔ سوشل میڈیا ٹریفک کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اگر آپ کا مواد لوگوں کے لیے مفید ہے تو لوگ آگے مزید اسے شیئر کرتے رہیں گے اور آپ کو ٹریفک ملتی رہے گی۔
٥۔ اپنی مہارت کو دیکھیں
مواد شائع کرتے وقت اپنی مہارت اور اپنی فیلڈ کو دیکھیں۔ وہی مواد موثر ہوسکتا ہے جو آپ کی مہارت یا آپ کی فیلڈ اور شعبے کا ہوگا۔ اگر آپ ایسا مواد شائع کریں گے جس کے بارے آپ کو علم نہیں تو ممکن ہے آپ کچھ غلط شائع کر دیں، اس سے آپ کی ویب سائٹ اور آپ کے مضامین کی ویلیو خراب ہو جائے گی اور لوگ آپ پر اعتماد نہیں کریں گے۔
٦۔ تفصیلی مواد شائع کریں۔
تحقیقات اور تجربات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ تفصیلی مواد زیادہ پسند کیا جاتا ہے بنسبت مختصر مواد کے۔ خاص طور پر سوشل میڈیا پر ایسا تحریری مواد جو کافی تفصیلی ہو اور موضوع کے ہر پہلو کا احاطہ کرتا ہو، اسے لوگ بہت زیادہ شیئر کرتے ہیں۔
لیکن میرے تجربے میں یہ بات آئی ہے کہ ویڈیو مواد کا معاملہ اس سے الگ ہے۔ ویڈیوز میں لوگ مختصر ویڈیوز کو زیادہ پسند کرتے ہیں، پانچ منٹ سے زیادہ کی ویڈیوز کو تھوڑے لوگ دیکھتے ہیں، جبکہ پانچ منٹ سے کم کی ویڈیوز کو زیادہ لوگ دیکھتے ہیں۔
٧۔ متوجہ کرنے والا مواد شائع کریں۔
لوگ ایسے مواد کو زیادہ پسند کرتے ہیں جس میں بہت زیادہ معلومات ہوں، اس کا ٹائٹل لوگوں کی توجہ کھینچنے والا ہو۔ مثال کے طور پر:
- دنیا کے ١٠ بڑے ڈیم
- ویب سائٹ بنانے کے ١٥ طریقے
- سیب کھانے کے ٩ فائدے
- کورمہ کیسے بنائیں
- بیٹری کی حفاظت کے ٥ طریقے
وغیرہ
٨۔ مواد کو خوبصورت بنائیں
مواد کی فارمیٹنگ پر توجہ دینا بھی بہت ضروری ہے۔ آپ کا مواد اگر تحریری ہے تو اسے عنوان، ذیلی عنوان، پیراگراف، فل سٹاپ، کومہ، بریکٹ، اور نمبرنگ کے ساتھ خوبصورت بنائیں۔ یہ چیزیں پڑھنے والے کو بھی سہولت دیتی ہیں اور سرچ انجن آپٹیمائزیشن کے لیے بھی ضروری ہیں۔
اور اگر آپ کا مواد ویڈیو یا آڈیو کی صورت میں ہے تو تب بھی آپ محض ریکارڈ کرکے اپلوڈ نہ کریں بلکہ ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کے ذریعے ایڈیٹنگ کرکے اسے مزید خوبصورت بنائیں۔ شروع آخر اور درمیان سے فضول چیزوں کو کاٹ کر الگ کرلیں، ساونڈ کی کوالٹی بہتر بنائیں۔
اسی طرح صرف تحریری مواد یا صرف تصویری مواد سے بہتر یہ ہے کہ آپ تینوں چیزوں کو اکٹھا اپنے مواد میں استعمال کریں۔ یعنی آپ کی پوسٹ میں تحریر، تصویر، ویڈیو سب ہونے چاہیے۔
٩۔ مسلسل کام کریں۔
کسی بھی کام میں کامیابی کے لیے تسلسل بہت ضروری ہے۔ اگر آپ جذبات میں آکر ایک کام شروع کرتے ہیں اور چند دن بعد چھوڑ دیتے ہیں تو آپ کی یہ محنت ضائع ہو جاتی ہے۔ بے شک تھوڑا کام کریں لیکن تسلسل کے ساتھ کریں۔ اپنا ایک شیڈول بنا لیں، مثلا: ہر روز ایک پوسٹ یا ایک ویڈیو بنانی ہے۔ یا دو دن کے بعد ایک بنانی ہے، یا ہفتے میں ایک بنانی ہے۔ پھر اسی شیڈول کے مطابق ایک تسلسل کے ساتھ کئی سال تک کام کو جاری رکھیں۔
١٠۔ ٹائٹل کی اہمیت کو سمجھیں
مواد چاہے تحریری ہو یا ویڈیو کی صورت میں، مواد کا ٹائٹل بہت اہم ہوتا ہے۔ یہی ٹائٹل ہے جو سرچ انجن کو بھی بتاتا ہے کہ یہ مواد کس بارے ہے، اور یہی ٹائٹل لوگوں کو بھی بتاتا ہے کہ مواد کس بارے ہے۔ اگر آپ کا ٹائٹل خوبصورت، دلکش اور متوجہ کرنے والا نہیں تو آپ ٹریفک کھو سکتے ہیں۔
١١۔ اپنے مواد کا موازنہ کریں۔
یاد رکھیں انٹرنیٹ کی دنیا میں آپ اکیلے نہیں ہیں، بلکہ یہاں بڑے بڑے پہاڑ موجود ہیں۔ آپ نے اپنے سے بہت بڑے بڑے پہاڑوں سے ٹکر لینی ہے۔ اس لیے مواد بنانے سے پہلے گوگل، فیس بک ، یوٹیوب پر اچھی طرح تحقیق کرلیں کہ جس طرح کا مواد آپ بنانا چاہتے ہیں اس طرح کا مواد اس سے پہلے جن لوگوں نے بنایا ہے وہ کیسا ہے؟ اوراس میں کیا خوبیاں اور کیا خامیاں ہیں۔ ان خامیوں کو درو کریں، اور خوبیوں کو اختیار کریں، اور مزید بہتری کی تلاش کریں۔
١٢۔ اپنے مواد کی تشہیر کی فکر کریں۔
یہ نہ سمجھیں کہ آپ نے مواد پبلش کردیا اب لوگ خود آپ کے مواد کو تلاش کریں گے اور اس تک پہنچیں گے، بلکہ پبلش کرنے کے بعد اس کی تشہیر کا کام بھی خود ہی کریں۔ تشہیر کے لیے آپ گوگل ایڈز یا فیس بک ایڈز کا سہارا بھی لے سکتے ہیں، اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مفت میں تشہیر بھی کرسکتے ہیں۔ اپنے مواد کو سوشل میڈیا فالورز تک پہنچانے کا کام کریں، یہاں سے فوری رزلٹ ملتا ہے اور اچھی خاصی تشہیر بھی ہو جاتی ہے۔
١٣۔ اپنے مواد کو کیٹگریز میں تقسیم کریں۔
جب آپ کی ویب سائٹ پر مواد کی بھرمار ہو جاتی ہے تو وزٹرز کو کوئی خاص چیز تلاش کرنے میں مشکل پیش آتی ہے، اس مسئلے کے لیے اپنے مواد کو موضوعات کے لحاظ سے مختلف کیٹگریز میں تقسیم کریں، تاکہ وزٹرز اور سرچ انجن دونوں کو مطلوبہ چیز تلاش کرنے میں آسانی رہے۔
١٤۔ اپنی حکمت عملی کو جانچتے رہیں۔
وقت کے ساتھ ساتھ اپنی اختیار کی ہوئی حکمت عملی کو جانچتے رہیں، اگر کامیابی نہیں مل رہی تو حکمت عملی تبدیل کر لیں۔ کامیاب لوگوں اور ویب سائٹس کا مطالعہ کریں اور دیکھیں کہ انہوں نے کیا حکمت عملی اخیتار کی ہوئی ہے۔ گوگل سرچ کنسول، گوگل اینا لائیسٹک کے تجزیات کا بھی مطالعہ کریں اور کمزوریوں کو دور کریں۔
١٥۔ طویل مدتی حکمت عملی اختیارکریں
انٹرنیٹ پر کام کرتے ہوئے مختصر حکمت عملی کے بجائے طویل مدتی حکمت عملی اختیار کریں، انٹرنیٹ کی دنیا میں فورا کامیابی بہت کم لوگوں کو ملتی ہے، آپ ایسی حکمت عملی بنائیں جس کے نتائج بیشک دیر سے ظاہر ہوں لیکن طویل عرصے تک باقی بھی رہنے چاہیے۔
فوری نتائج آپ کو فیس بک یا گوگل ایڈز سے مل جائیں گے لیکن یہ نتائج اسی دن ختم ہوجائیں گے جس دن آپ کا پیسہ ختم ہوگا۔ اس کے برعکس اگر آپ مواد کو بہتر بناتے ہیں، ایس ای او اور مارکیٹنگ پر توجہ دیتے ہیں تو نتائج اگرچہ دیر سے ظاہر ہوں گے لیکن وہ نتائج طویل المدت ہوں گے۔
یہ چند ایسے نکات تھے جنہیں آپ اختیار کرکے اپنے مواد کی بہترین مارکیٹنگ کر سکتے ہیں۔ آپ کو ہمیشہ اپ ٹو ڈیٹ رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ انٹرنیٹ کی دنیا ہر لمحے تبدیل ہو رہی ہے، سرچ انجن اپنا الگوریتھم تھوڑے تھوڑے عرصے بعد تبدیل کرتے رہتے ہیں، ان تبدیلیوں پر نظر رکھنا اور ان کے مطابق خود کو اور اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرنا بھی ضروری ہے۔
مواد کی مارکیٹنگ مواد کی مارکیٹنگ مواد کی مارکیٹنگ