Books of Maulana Hassan Hashmi
مولانا نایاب حسن ہاشمی اورطلسماتی دنیا میگزین کی حقیقت
ہندوستان انڈیا دیوبند کے علاقے سے ایک میگزین کئی دہائیوں سے شائع ہو رہا ہے جس کا نام طلسماتی دنیا ہے۔ اس میگزین کے بانی ایڈیٹر مولانا نایاب حسن ہاشمی تھے جو اب فوت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے تعلیم دارالعلوم دیوبند سے حاصل کی تھی لیکن بعد میں عملیات جیسے فضول اور گمراہی پر مبنی دھندے کے ساتھ ایسے منسلک ہوئے کہ اپنے قلم اور طلسماتی دنیا رسالے کے ذریعے دنیا بھر کے جادوگری کے عملیات کو اسلام اور دیوبند کا لیبل لگا کر گھر گھر پہنچایا۔ چنانچہ آج صورتحال یہ بن چکی ہے کہ ان کفریہ عملیات سے جب کسی کو منع کیا جاتا ہے تو لوگ کہتے ہیں دارالعلوم دیوبند کے بزرگوں نے یہ عملیات اپنی کتابوں میں لکھے ہیں۔ قطع نظر اس کے کہ نایاب حسن ہاشمی کا شمار بزرگوں میں ہوتا ہے یا نجومیوں کاہنوں اور شیطانی عملیات کے استادوں میں اس وقت اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ دارالعلوم دیوبند جیسے ادارے کو فورا ان کے تمام شماروں کا مطالعہ کرکے ان کفریہ شرکیہ عملیات، تعویذات نقوش سے برات کا اعلان کرتے ہوئے وضاحت دینی چاہیے کہ نایاب حسن دارالعلوم کے بزرگوں میں شمار نہیں ہوتے۔
صنم خانہ عملیات
ان کے اس رسالے میں صنم خانہ عملیات کے تحت بے شمار تعویذات، زائچے، اور جدید و قدیم جادو کے نقش شائع ہوتے تھے اور اب بھی ہو رہے ہیں۔ اسی طرح بعض خصوصی شمارہ نمبر بھی شائع کیے گئے جن میں ہزاروں تعویذات اور جادوگری کی عملیات اسلام کے لبادے میں لوگوں کو سکھائی گئی۔ بعض عملیات واضح طور پر کفریہ اور شرکیہ عملیات بھی ان کے رسالے میں شائع ہوتی تھیں، اگرچہ ساتھ لکھا ہوتا تھا یہ صرف غیر مسلم عامل کریں۔ لیکن سوال پیدا ہوتا ہے کیا کسی عالم دین کو یہ زیب دیتا ہے کہ وہ کفریہ عملیات سکھائے اگرچہ کافروں کو ہی سکھائے؟ اسلام قطعا ایسی چیزوں کی اجازت نہیں دیتا۔ ایک مسلمان کی ذمہ داری تو یہ ہے کہ وہ کافروں کو بھی اسلامی تعلیمات ہی سکھائے۔
بڑے نجومی
چونکہ ان کی بتائی ہوئی اکثر عملیات گمراہ کن تھی اور خود مولانا بڑے ماہر نجومی بھی تھے اسی لیے ساری عمر علم نجوم، علم جفر، علم الاعداد، اور علم رمل جیسے ناجائز علوم کا پرچار کرتے رہے اور دین اسلام اور علمائے اسلام کی صریح واضح فتاوی کے برعکس من گھڑت غیر معروف الفاظ کلمات اور نمبرز پر مبنی تعویذات نقوش اور جنتر منتر کی تعلیم دیتے رہے۔ لہذا یہ ضروری ہو گیا تھا کہ اس فتنے کی سرکوبی کے لیے لوگوں کو آگاہی دی جائے، چنانچہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے مولانا سید عبدالوہاب شاہ شیرازی نے اپنے یوٹیوب چینل پر اس فتنے سے متعلق چار پانچ ویڈیوز کے اندر کھل کر دلائل کے ساتھ بیان کیا۔ یہاں پر ان ویڈیو کو آپ حضرات کی رہنمائی کے لیے دیا جارہا ہے۔ خود بھی دیکھیں اور وٹس اپ سوشل میڈیا پر بھی دوسرے لوگوں سے شیئر کریں۔