موسم گرما شروع ہوچکا ہے ایسے میں مختلف انواع و اقسام کے پھل بازار میں نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ان میں سے ایک پھل آلو بخارہ ہے۔جو نہ صرف ذائقے دار اور صحت بخش ہے بلکہ اسے خشک کرکے بھی چٹنی یا مختلف شکلوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔یہ پھل بادام اور آڑو کی نسل کے پھلوں میں شامل ہے جس کی متعدد اقسام بازار میں ملتے ہیں، جبکہ ذائقہ میٹھا یا کھٹا ہوتا ہے جبکہ اس کا رس بھی مزیدار ہوتا ہے۔یہ پھل پوٹاشیم، سیلینیئم اور دیگر منرلز کے ساتھ وٹامن سی اور بیٹاکیروٹین سے بھرپور ہوتا ہے۔یہاں آپ اس پھل کے فوائد جان سکیں گے۔
نظام دوران خون بہتر کرے
آلو بخارےمیں وٹامن کے اور پوٹاشیم کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ جسم کے آئرن جذب کرنے کی صلاحیت کو بہتر کرتے ہیں، اسی طرح اس پھل میں مناسب مقدار میں آئرن اور کاپر بھی موجود ہے جو کہ خون کے سرخ خلیات کے بننے میں مدد دیتے ہیں جس کے نتیجے میں خون کی کمی دور ہوتی ہے جبکہ خون بھی صاف ہوتا ہے اور دوران خون بہتر ہوتا ہے۔
دل کے لئے فائدے مند
خشک آلو بخاروں کو کھانا شریانوں میں خون کے بہاؤ میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، اس کے نتیجے میں دل کو مختلف امراض جیسے کارڈیک اریسٹ، فالج اور دیگر سے تحفظ مل سکتا ہے۔
بینائی کے لیے فائدہ مند
وٹامن سی اور بیٹا کیروٹین سے بھرپور پھل آنکھوں کی صحت بہتر کرنے میں مدد دے سکتے ہیں، کیونکہ یہ اجزاءآنکھوں کی صحت کو مستحکم رکھنے کے لیے فائدہ مند جبکہ عمر بڑھنے سے پٹھوں کی کمزوری اور موتیا وغیرہ سے بچا سکتے ہیں۔ آلو بخارہ کیروٹین، لیوٹین اور دیگر سے بھرپور پھل ہے جو سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں کے مضر اثرات سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
جسمانی دفاعی نظام بہتر کرے
وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط کرنے میں مدد دیتا ہے، یہ وٹامن جسم کی انفیکشن اور ورم کے خلاف جسم کی مزاحمت کو زیادہ بڑھاتا ہے۔
اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور
آلو بخارے میں کئی اقسام کے اینٹی آکسائیڈنٹس کافی مقدار میں موجود ہیں جو کہ جسم کو فری ریڈیکلز سے ہونے والے نقصانات سے بچاتے ہیں، اس میں موجود فینولز نیورونز کو تکسیدی تناؤ سے ہونے والے نقصان سے بچاتے ہیں۔
جلد کے لیے فائدہ مند
وٹامن سی اور اینٹی آکسائیڈنٹس جلد کو جگمگانے، نوجوان رکھنے میں مدد دیتے ہیں، وٹامن سی جلد پر جھریاں اور فائن لائنز کا خطرہ بھی کم کرتا ہے۔
ہڈیاں مضبوط بنائے
آلو بخارے ہڈیوں کو 20 فیصد زیادہ مضبوط بناتا ہے، جبکہ خشک آلو بخارے بھی ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور یہ ہڈیوں کو ریڈی ایشن سے تحفظ بھی فراہم کرتا ہے۔
نظام ہاضمہ کو بہتربنائے
آلو بخارہ غذائی فائبر کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے جو کہ نظام ہاضمہ کو ریگولیٹ کرنے میں مدد دیتا ہے۔ غذائی فائبر کی 2 اقسام جلاب کی طرح کام کرکے قبض کو دور کرتی ہے جبکہ کچرے کے موثر اخراج میں مدد دیتا ہے۔ قبض کے شکار افراد کو خشک آلو بخارے بہترین علاج ثابت ہوسکتا ہے۔