کیٹگری پیجز کی ایس ای او (SEO) کیسے کریں؟
( سید عبدالوہاب شاہ )
کیٹگری پیجز کی ایس ای او (SEO) کیسے کریں؟
کیٹگری کے صفحات کی ایس ای او کے لیے ضروری کام۔
1۔ کیٹگری کا یو آر ایل بہتر بنائیں۔
2۔ کیٹگری کا ٹائٹل عمدہ بنائیں۔
3۔ کیٹگری کی میٹا ڈسکرپشن لکھیں۔
کیٹگری پیجز کی ایس ای او کیسے کریں؟
ایک بہت سوال یہ ہے کہ کیٹگری پیجز کی ایس ای او کیسے کریں؟ کسی بھی ویب سائٹ میں کیٹگری کے صفحات بہت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، یہ صفحات لوگوں کو آپ کی ویب سائٹ پر موجود چیزوں کو تلاش کرنے میں آسانی پیدا کرتے ہیں، اور لوگوں کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچتا ہے۔ ایس ای او کی کوئی بھی قسم ہو اصل مقصد ایس ای او کا یہی ہوتا ہے کہ لوگوں کے ساتھ ساتھ سرچ انجن کو آپ کی ویب سائٹ پر سہولت ملے۔ آپ کی ویب سائٹ جتنی زیادہ باسہولت ہوگی اتنی ہی اس کی رینکنگ اچھی ہوگی۔
کیٹگری کے صفحات خاص طور پر ای کامرس ویب سائٹ پر بہت اہمیت رکھتے ہیں، اسی اہمیت کی وجہ سے ان کی ایس ای او کرنا بھی نہایت ہی ضروری ہے، تاکہ اپنی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔
کیٹگری کے صفحات کی ایس ای او کرنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ کسی خاص پروڈکٹ کی ایس ای او سے وہ فوائد حاصل نہیں ہوتے جو آپ چاہتے ہیں، کیونکہ ایک خاص پروڈکٹ کئی ویب سائٹ پر موجود ہوتی ہے اور کئی ویب سائٹ بہت بڑی بھی ہوتی ہیں اور مشہور بھی چنانچہ لوگ جب سرچ کرتے ہیں تو بڑی ویب سائٹ اوپر آجاتی ہیں۔
دوسری وجہ کیٹگری ایس ای او کرنے کی یہ بھی ہےکہ عام طور پر لوگ اس نام سے تلاش نہیں کرتے جو کسی خاص پروڈکٹ کا مخصوص نام ہوتا ہے، یا جو آپ نے ٹائٹل میں دیا ہوتا ہے، بلکہ لوگ عام جنرل نام سے تلاش کرتے ہیں، اور یہ عام جنرل نام زیادہ تر کیٹگری نام ہی ہوتا ہے، مثلا الیکٹرانکس، لیپ ٹاپ، موبائل، سامسنگ موبائل وغیرہ۔
کیٹگری کے صفحات کی ایس ای او کے لیے ضروری کام۔
1۔ کیٹگری کا یو آر ایل بہتر بنائیں۔
ایس ای او میں یو آر ایل کی بہت اہمیت ہوتی ہے، سرچ انجن اور وزٹر دنوں کو اس یو آر ایل پر موجود چیزوں کو پہچاننے میں آسانی ہوتی ہے۔ مثلا آپ کی کیٹگری سام سنگ کے موبائل کے بارے ہے تو اس کا یو آر ایل کچھ اس طرح ہونا چاہیے۔
https://example.com/Samsung-Mobile
آپ کے یو آر ایل نہ صرف مختصر ہونا چاہیے بلکہ اس میں متعلقہ چیز کا کی ورڈ ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے آپ کو اپنی ویب سائٹ کے پرما لنکس کی سیٹنگز نیچے دی گئی تصویر کے مطابق رکھنی چاہیے۔
کیٹگری پیجز کی ایس ای او کیسے کریں؟
اگر آپ سب سے پہلی والی سیٹنگز رکھیں گے تو ہر لنک میں نمبرنگ آئے گی۔ اگر آپ دوسری والی سیٹنگز رکھیں گے تو ہر لنک میں تاریخ بھی آئے گی۔
اس لیے بہتر یہی ہے وہ سیٹنگ رکھیں جس کی نشاندہی کی گئی ہے۔
2۔ کیٹگری کا ٹائٹل عمدہ بنائیں۔
ایس ای او کے لحاظ سے جب ٹائٹل کو عمدہ بنانے کی بات کی جاتی ہے تو اس سے مراد یہ ہوتی ہے کہ آپ ٹائٹل میں وہ الفاظ استعمال کریں جس سے متعلق یہ ٹائٹل دیا جارہا ہے، افراط و تفریط سے کام نہ لیں۔
ٹائٹل لکھتے وقت متعلقہ چیز کی تحقیق کریں کہ لوگ اس چیز کو تلاش کرتے وقت کن الفاظ کا سہارا لیتے ہیں، پھر وہی الفاظ عنوان میں استعمال کریں۔
اسی طرح اس کی خاص صفت کو بھی عنوان میں شامل کریں، مثلا اس کا کلر، اس کا سائز، وغیرہ
3۔ کیٹگری کی میٹا ڈسکرپشن لکھیں۔
میٹا ڈسکرپشن سرچ رزلٹ میں نظر آتی ہے، اس لیے ایک بہترین ڈسکرپشن تلاش کنندہ کو راغب کرتی ہے کہ وہ اس لنک پر کلک کرکے آپ کے صفحے کا وزٹ کرے۔ راغب کرنے والی ڈسکرپشن لکھنے سے مراد یہ نہیں کہ آپ جھوٹ لکھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کلک ملیں۔ بلکہ جو سچ ہے اسی کی اصلاح کرکے لکھیں، ورنہ لوگ آپ کی ویب سائٹ پر اعتماد کرنا چھوڑ دیں گے۔
آپ میٹا ڈسکرپشن میں اپنی ان آفرز کو بھی لکھ سکتے ہیں جو آپ لوگوں کو دیتے ہیں، مثلا مفت ڈیلیوری ، گارنٹی، واپسی، وغیرہ۔
یہ میٹا ڈسکرپشن سرچ انجن میں بھی نظر آتی ہے اور آپ کے کیٹگری پیج کے اوپر بھی نظر آتی ہے جیسا کہ آپ نیچے تصویر میں دیکھ سکتے ہیں:
4۔ مصروف رکھنے والے عناصر
کیٹگری پیج بھی لینڈنگ پیج میں شمار ہوتا ہے، یعنی سرچ انجن سے آنے والا اس پیج پر پہلی بار لینڈ کرتا ہے، اب وہ اس پیج پر اوپر نیچے کرکے کچھ دیکھتا ہے۔ اس لیے اس پیج پر کچھ ایسی چیزیں ضروری ہونی چاہیے جو وزٹر کو آپ کے تعارف اور آپ کے دوسرے پیجز اور پروڈکٹس کی طرف رہنمائی دیں۔ مثلا:
- آپ کا لوگو
- آپ کا ایڈریس، رابطہ نمبر
- آپ کی آفرز
- کال ٹو ایکشن بٹن
- آپ کا مینو
- آپ کے دیگر پیجز
- آپ کی دوسری کیٹگریز
- آپ کی دیگر پروڈکٹس وغیرہ
5۔ تصاویر اور دیگر عناصر
آپ کے کیٹگری پیج پر تصاویر کا استعمال بھی بھرپور طریقے سے ہونا چاہیے۔ ظاہر ہے کوئی بھی شخص کسی چیز کو دیکھے بغیر نہیں سمجھ سکتا۔ خاص طور پر اگر آپ کا ای کامرس سٹور ہے تو اس میں پروڈکٹس کی تصاویر کی بہت ہی اہمیت ہے۔
تصاویر دیتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ تصاویر اچھی طرح سے آپٹیمائز ہونی چاہیے، یعنی ان کی کوالٹی بھی اچھی ہو اور سائز بھی کم ہو تاکہ آپ کی ویب سائٹ پر بوجھ نہ بنے اور رفتار کو کم نہ کرے۔
اگر کوئی ویڈیو لگانی ہو تو اپنی ویب سائٹ پر ویڈیو اپلوڈ کرنے کے بجائے یوٹیوب پر اپلوڈ کریں اور وہاں سے یہاں اسے ایمبیڈ کریں، تاکہ لوڈ آپ کی ویب سائٹ پر نہ ہو۔
کیٹگری پیجز کی ایس ای او کیسے کریں؟
سارے مضمون کا نتیجہ
- کیٹگری کے صفحات کی ایس ای او بھی بہت ہی ضروری ہے، اس کی اہمیت کو کم نہ سمجھیں۔
- کیٹگری صفحات کے یو آر ایل پر خصوصی توجہ دیں یہ سرچ انجن اور وزٹر دونوں کو سہولت دیتا ہے۔
- کیٹگری کے ٹائٹل کی اچھی طرح اصلاح کریں۔
- کیٹگری کو ڈسکرپشن کے بغیر نہ چھوڑیں بلکہ اصلاح شدہ بہترین ڈسکرپشن لکھیں جو سرچ میں بھی نظر آئے۔
- کیٹگری پیج پر اپنی ویب سائٹ کے دوسرے صفحے پر جانے والے لنکس بھی شامل کریں، جنہیں آپ ہیڈر، فوٹر، سائیڈ بار وغیرہ میں استعمال کرسکتے ہیں۔
- تصاویر، ویڈیوز وغیرہ کی اصلاح بھی ضروری کریں۔
شکریہ