کہا جاتا ہے کہ تربوز کے اوپر پانی پینا ہیضے کا شکار بنا سکتا ہے جبکہ کھیرے کے اوپر پانی پینا بھی بیمار کرسکتا ہے۔
مگر کیا یہ تاثر واقعی درست ہے خصوصاً گرم موسم میں جب پانی اور جوس والے پھل ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔
یہ دونوں جسم کو توانائی فراہم کرنے کے ساتھ تازہ دم رکھنے میں بھی مدد دیتے ہیں تو کیا واقعی پھلوں کے کھانے کے بعد پانی پینا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے؟
تربوز اور کھیرے سمیت اس موسم میں دستیاب اکثر پھلوں میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے مگر یہ بھی درست ہے کہ ان کے اوپر پانی پینا کسی طرح کا نقصان نہیں پہنچاتا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ان پھلوں کا بیشتر حصہ خود پانی پر مشتمل ہوتا ہے تو ان کے اوپر پانی پینا کسی طرح کا نقصان نہیں پہنچاتا۔
ویسے زیادہ پانی والے پھل کھانے کے بعد پانی کی خواہش کا امکان بہت کم ہوتا ہے کیونکہ ان پھلوں کا استعمال پیاس کو بجھاتا ہے۔
تاہم ایسے افراد جن کا معدہ کافی حساس ہوتا ہے انہیں ضرور احتیاط کرنی چاہیے یعنی پھلوں کے اوپر پانی پینے سے گریز کرنا چاہیے۔
ویسے اگر بہت زیادہ تربوز کھایا جائے اور پھر بہت زیادہ مقدار میں پانی پی لیا جائے تو پھر ہاضمے کے کچھ مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے، جیسے پیٹ پھول جانا، نظام ہاضمہ سست ہوجانا یا جسم میں پانی کی مقدار بہت زیادہ بڑھنے سے الیکٹرولائٹس کا توازن بگڑ جانا وغیرہ۔