منہ کے تکلیف دہ چھالے
اس وقت ہمیشہ دردناک سرپرائز ملتا ہے جب آپ کسی مصالحے دار چیز کو منہ میں ڈالیں اور معلوم ہو کہ منہ میں تو زخم ہیں جس کے لیے وہ نوالہ بہت تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے یا دانتوں پر برش کرتے ہوئے کسی زخم پر برش ٹکرا جائے تو یہ بھی تکلیف کا باعث ہوتا ہے۔
اگر تو منہ میں چھوٹے سفید نشان گلابی سطح پر ابھر آئے ہیں تو یہ منہ میں چھالے یا زخم کی نشانی ہے۔
یہ چھالے چھوٹے اور تنگ زخم ہوتے ہیں جو منہ کے نرم ٹشوز میں بنتے ہیں جو گال، مسوڑوں اور زبان کسی بھی جگہ ہوسکتے ہیں۔
جب آپ اس سے متاثر ہوں تو کھانا پینا مشکل ہوجاتا ہے جبکہ تکلیف الگ ہوتی ہے اور آپ ان کا علاج چاہتے ہیں تاکہ ان چھالوں یا زخم سے جلد از جلد نجات مل جائے۔
اگر آپ کو بھی اس مسئلے کا سامنا ہے تو یہ گھریلو ٹوٹکے آپ کے درد میں تیزی سے کمی لانے کے ساتھ ساتھ چھالوں یا زخم ختم کرنے میں بھی مدد دیں گے۔
ناریل کا تیل
طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ناریل کا تیل جراثیم کش خصوصیات رکھتا ہے اور بیکٹریا کے باعث ہونے والے منہ کے چھالوں کے علاج میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ناریل کا تیل ورم کش بھی ہوتا ہے جو کہ درد اور سرخی پر قابو پانے میں بھی مدد دیتا ہے اس تیل کی کچھ مقدار متاثرہ حصے پر لگائیں اور دن بھر میں کئی بار یہ عمل اس وقت تک دہرائیں جب تک چھالہ ختم نہ ہوجائے۔
بیکنگ سوڈا
بیکنگ سوڈا میں اکلائن ہوتا ہے جو اس تیزابی کیفیت کو معمول پر لاتا ہے جو منہ کے چھالوں کا باعث بنتے ہیں، جبکہ یہ بیکٹریا کو ختم کرکے ان چھالوں کے فوری علاج میں مدد دیتا ہے۔ اس کو استعمال کرنے کے لیے ایک چائے کے چمچ بیکنگ سوڈا کو آدھے کپ گرم پانی میں ملائیں اور اس سے کلیاں کرلیں۔
ایلوویرا
ایلو ویرا جیل بھی منہ کے چھالوں یا زخموں کو ٹھیک کرنے کا عمل تیز کردیتا ہے جبکہ درد میں بھی کمی لاتا ہے۔ ایک صاف چمچ کے ذریعے اس جیل کی کچھ مقدار براہ راست متاثرہ حصے پر لگائیں اور ضرورت پڑنے پر اس عمل کو دہرائیں۔
مزید پڑھیں :کیلشیئم سپلیمنٹس کا زیادہ استعمال صحت کے لیے تباہ کن
میگنیشیا کا دودھ
اس دودھ کی معمولی مقدار منہ میں بھریں اور منہ صاف کرنے کے لیے استعمال کریں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ متاثرہ حصے کو بھی صاف کرے۔ میگنیشیا کے دودھ میں موجود اجزاءمنہ کی تیزابیت پر قابو پاتے ہیں جو چھالوں کو تکلیف دہ بناتے ہیں، اس کے علاوہ آپ روئی کو اس دودھ میں بھگو کر براہ راست میں چھالوں پر دن میں تین سے چار دفعہ لگاسکتے ہیں۔
ٹی بیگ استعمال کریں
ٹی بیگ کو پانی میں ڈبوئیں اور متاثرہ حصے پر پانچ سے دس منٹ کے لیے لگا دیں، جس سے فوری طور پر ان چھالوں سے نجات میں مدد مل سکتی ہے۔ اس حوالے سے چائے کی ایک قسم chamomile ٹی بیگ زیادہ فائدہ مند ہے، جس میں موجود کیمیکلز سوجن کو کم کرکے اس حصے کو سن کردیتے ہیں۔ اس طرح تکلیف کم ہوتی ہے اور اس کے ٹھیک ہونے کی رفتار بڑھ جاتی ہے۔
شہد بھی فائدہ مند
شہد کو براہ راست چھالے پر لگانا بھی جادوئی اثر کرتا ہے، جو درد میں کمی لاتا ہے اور سوجن کم کرتا ہے۔ شہد جراثیم کش اور ورم کش ہوتا ہے اور یہ تکلیف دہ چھالوں سے جلد نجات دلا دیتا ہے، بس شرط یہ ہے کہ شہد اصلی ہو۔
یہ بھی پڑھیں :کیا ذیابیطس کے مریض تربوز کھاسکتے ہیں یا نہیں؟
نمک ملے پانی سے کلیاں
نمک ملا پانی بھی اس تکلیف سے تیزی سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، ماہرین کے مطابق ایک چائے کا چمچ نمک ایک کپ گرم پانی میں ملائیں، اس پانی میں 1/2 چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا بھی شامل کیا جاسکتا ہے، تیس سیکنڈ تک اس سے کلیاں کریں اور تھوک دیں۔
وٹامن ای
وٹامن ای کے ایک کیپسول کو کاٹ لیں اور اس کے محلول کو متاثرہ حصے پر لگادیں، یہ تیل چھالے پر ایک کوٹنگ بنا دے گا جو اسے انفیکشن سے تحفظ دے گی اور جلد ٹھیک ہونے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
یہ بھی دیکھیں :پانی کم پینا جسم پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟
ہائیڈروجن پرآکسائیڈ
ہائیڈرجن پرآکسائیڈ ایک طاقتور جراثیم کش محلول ہوتا ہے اور یہ منہ کے چھالوں یا زخم کو انفیکشن سے بچاتا ہے، اس محلول کو ماﺅتھ واش کی طرح استعمال کریں تاہم اسے نگلنے کی کوشش نہ کریں۔
دہی کھائیں
دہی کھانے کے متعدد فوائد ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ منہ کے چھالوں سے نجات کے لیے بھی بہترین ٹوٹکا ہے، روزانہ چند چمچ دہی کھانے سے مستقبل میں ان چھالوں سے بچا جاسکتا ہے۔
زیتون کا تیل
روئی کو زیتون کے تیل میں ڈبوئیں اور اسے متاثرہ حصے پر کچھ دیر کے لیے لگا رہنے دیں، زیتون کا تیل منہ کے چھالوں سے بہت جلد نجات میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
یہ بھی جانیں :بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنے میں مددگار مزیدار میوہ
سیب کا سرکہ
سیب کا سرکہ بھی منہ کے چھالوں سے نجات کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، اس سرکے میں موجود تیزابیت بیکٹریا کو ختم کرتی ہے مگر اس کو استعمال کرنے کا طریقہ اہمیت رکھتا ہے، اس مقصد کے لیے اک چائے کے چمچ سرکے کو کو ایک کپ پانی میں ملائیں، اس مکسچر سے 30 سیکنڈ سے ایک منٹ تک کلی کریں اور پھر تھوک دیں۔