لبوب کبیر
( سید عبدالوہاب شاہ )
طب یونانی اور طب اسلامی کا مشہور معجون ہے۔ جسے خاص طور پر مردانہ کمزوری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ لبوب کبیر میں تقریبا اڑتالیس سے پچاس اجزاء شامل ہیں، جن میں بعض بہت مہنگے بھی ہیں، چنانچہ آج کل کئی لوگ ان مہنگے اجزاء کو نکال کر باقی اجزاء سے بھی لبوب کبیر تیار کرتے ہیں۔ اگرچہ وہ بھی مفید ہی ہوتے ہیں لیکن اصل اجزاء مہنگے والے اجزاء ہی ہیں جن کو شامل کیے بغیر مکمل فائدہ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔
لبوب کبیر کے اثرات
لبوب کبیر کے بارے ایک بات یاد رکھنی چاہیے یہ کوئی سٹیرائیڈ نہیں ہے، یا انگریزی ادویات کے طرح سریع الاثر یا فوری اثرات ظاہر نہیں کرتا، بلکہ اس کے اثرات آہستہ آہستہ ظاہر ہوتے ہیں، اس لیے سردیوں کے موسم میں ایک سے دو ماہ تک مسلسل اس کو استعمال کرنا چاہیے۔
لبوب کبیر برائے خواتین
لبوب کبیر کو نہ صرف مرد استعمال کرسکتے ہیں بلکہ خواتین بھی استعمال کرسکتی ہیں، خاص طور وہ خواتین جو گھر کا کام کاج کرتی ہیں جس سے تھکاوٹ، نکاہت اور پٹھوں کی کمزوری اور کھچاو ہو جاتا ہے۔ اسی طرح ان خواتین کو بھی استعمال کرایا جاسکتا ہے جن میں جنسی خواہش کم ہوتی ہے یا بالکل نہیں ہوتی، اس کے مسلسل ایک دو ماہ استعمال سے جنسی خواہش میں اضافہ ہوگا۔
کمپنیوں کا لبوب کبیر
لبوب کبیر مختلف ہربل کمپنیاں بھی تیار کرتی ہیں لیکن وہاں بھی اسی بات کا خطرہ ہوتا ہے کہ شاید اس میں مہنگے والے اجزاء شامل نہ کیے گئے ہوں۔ اور پھر کمپنی کا لبوب کبیر قیمت کے لحاظ سے بھی مہنگا پڑتا ہے۔ اس لیے بہتر یہی ہوتا ہے کہ یا تو خود بنایا جائے اور یا قابل اعتبار حکیم سے بنوا لیا جائے یا منگوا لیا جائے۔
لبوب کبیر کے فوائد
- مقوی باہ و مردانہ کمزوری کو دور کرے۔
- مادہ منویہ کو پیدا کرے۔
- ٹائمنگ میں اضافہ کرے۔
- عام جسمانی کمزوری کو دور کرے۔
- کام کاج کے بعد تھکاوٹ اور نکاہت کو دور کرے۔
- اعصاب اور پٹھوں کو طاقت دے۔
- گردوں کو طاقت دے اور صحت مند بنائے۔
اجزائے نسخہ:
- ثعلب مصری 30گرام
- نارجیل دریائی 30گرام
- مغز چڑیا بریاں 30گرام
- مغز پستہ 15گرام
- مغز بادام 15گرام
- مغز فندق 15گرام
- مغز حبۃ الخضرا 15گرام
- مغز اخروٹ 15گرام
- مغز چلغوزہ 15گرام
- مغز حب الزلم 15گرام
- ماہی روبیاں (جھینگا مچھلی) 15گرام
- شقاقل مصری 15گرام
- خولنجاں 15گرام
- خشخاش 30گرام
- بہمن سرخ 15گرام
- بہمن سفید 15گرام
- تودری سرخ 15گرام
- تودری زرد 15گرام
- سنڈھ 15گرام
- کنجد (تل سفید) 15گرام
- دارچینی 15گرام
- سورنجاں شیریں 12گرام
- بوزیدان 12گرام
- نعناع خشک (پودینہ کی قسم) 12گرام
- بالچھڑ (سنبل الطبیب) 10گرام
- سعد کوفی 10گرام
- قرنفل (لونگ) 10گرام
- کباب چینی 10گرام
- اندر جو شیریں 10گرام
- درونج عقربی 10گرام
- نرکچور 10گرام
- حب القلقل (اناردانہ دشتی) 10گرام
- تخم گاجر 10گرام
- تخم مولی 10گرام
- تخم شلجم 10گرام
- تخم پیاز 10گرام
- تخم اسپت 10گرام (تخم اسپست، تخم بسکھپرا بھی اسی فیملی سے تعلق رکھتے ہیں)
- تخم ہلیلون (ہالو) 10گرام
- جوزبواء (جائفل) 6گرام
- بسباسہ (جلوتری) 6گرام
- چھڑیلہ (اشنہ) 6گرام
- عود 5گرام
- زعفران 12گرام
- مصطگی رومی 12گرام
- ورق نقرہ 36 عدد
- ورق سونا 18 عدد
- عنبر 3گرام
- مشک (کستوری) 1گرام
طریقہ تیاری:
مغزیات کو الگ پیس کر رکھیں اور باقی ادویات کو الگ پیس کر رکھیں۔
تمام ادویات کا جتنا وزن ہے اس کے تین گناہ شہد لیں، اور ہلکا سا گرم کرلیں۔
اب اس میں آہستہ آہستہ مغزیات کو ملاتے جائیں اور ساتھ ساتھ چمچ ہلاتے رہیں۔
پھر باقی ادویات کا پاوڈر بھی آہستہ آہستہ ملاتے جائیں اور ساتھ چمچ ہلاتے جائیں۔
اس کے بعد زعفران کو ملائیں۔
اس کے بعد جب شہد بالکل ہلکا سے گرم ہو تو مصطگی رومی کو ملائیں، زیادہ گرم قوام میں ملانے سے مصطگی کے دانے بن جاتے ہیں اس لیے اس کا خاص خیال رکھیں۔
آخر میں ورق نقرہ اور ورق سونا ملا لیں۔
آپ کا لبوب کبیر خاص معجون تیار ہے۔
خوراک:
تین سے پانچ گرام صبح یا شام نیم گرم دودھ کے ساتھ استعمال کریں۔