فرنیچر پالش کا سامان اور طریقہ کار
فرنیچر پالش کرنا ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے، لیکن کاریگروں کے ریٹ بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے بہت سارے لوگ اس خواہش کو دل ہی دل میں رکھ کر گزارا کرتے ہیں۔ آج اس پوسٹ میں ہم آپ کو فرنیچر پالش کرنے کا مکمل سامان اور فرنیچر پالش کا طریقہ کار بتاتے ہیں۔
اس پوسٹ میں ہم آپ کو نئے فرنیچر کو پالش کرنے اور پرانے فرنیچر کو دبارہ تازہ کرنے کا طریقہ الگ الگ بتائیں گے۔ اسی طرح پہلے سے رنگ شدہ فرنیچر کو کوئی دوسرا رنگ کرنے کا طریقہ بھی بتائیں گے۔
نئے فرنیچر کو پہلی بار پالش کرنے کا طریقہ
نئے فرنیچر کو پہلی بار پالش کرنے کا سامان
1۔ دانہ لاکھ چنا (دانہ لاگ)
2۔ سپرٹ تھنر
3۔ سیانہ پاوڈر (کالا سیانہ، پیلا سیانہ، لال سیانہ)
4۔ بیلجیم چاک مٹی پلاسٹر آف پیرس
5۔ جرمن وائٹ گلو
6۔ وارنش
7۔ ریگ مال ( پہلے 80 نمبر۔ پھر 150 نمبر والا)
8۔ ململ کا کپڑا
یہ وہ سامان ہے جو نئے فرنیچر کو پہلی بار پالش کرنے کے لیے ضرورت ہے۔ اور اگر پرانے فرنیچر کا رنگ تبدیل کرنا ہو تو تب بھی یہی چیزیں ضرورت ہوتی ہیں۔
فرنیچر پالش کرنے کا طریقہ
1۔ سب سے پہلے ریگ مار کا استعمال کرنا ہے۔ (اگر فرنیچر بہت کھردرا ہو تو پہلے 80 نمبر کا ریگ مار استعمال کریں، پھر پوٹین کریں اور پھر دبارہ 150 نمبر کا ریگ مار استعمال کرنا ہوگا۔)
2۔ ریگ مار کے بعد دوسرا کام بیس بنانا ہوتا ہے۔ بیس بنانے کے لیے دانہ لاکھ چنا کا ایک کوٹ کرنا ہے۔
دانہ لاکھ تیار کرنے کا طریقہ
آدھا لیٹر سپرٹ تھنر میں 60 گرام دانہ لاکھ ڈالیں۔ اور چار پانچ گھنٹے اس میں رہنے دیں تاکہ وہ اچھی طرح اس میں مکس ہو جائے۔ جب تیار ہو جائے تو چھان کر فرنیچر پر ایک کوٹ اچھی طرح ململ کے کپڑے سے لگائیں۔
3۔ دانہ لاکھ کے ایک کوٹ کے بعد پوٹین کرنا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مال کنگنی کیا ہے؟
پوٹین بنانے کا طریقہ
بیلجیم چاک مٹی ( پلاسٹر آف پیرس) میں جرمن وائٹ گلو کو مکس کریں، چاہیں تو دانہ سلیش بھی ڈال سکتے ہیں۔ بقدر ضرورت پانی بھی ڈال سکتے ہیں۔ جب پوٹین بن جائے تو اچھی طرح فرنیچر پر لگائیں اور آدھا گھنٹہ خشک ہونے کا انتظار کریں۔
نوٹ: پوٹین آپ سفید بھی بنا سکتے ہیں لیکن بہتر یہ ہے کہ پوٹین میں بھی اسی کلر کا تھوڑا سا پاوڈر شامل کریں جو کلر آپ نے کرنا ہے۔
4۔ پوٹین کے بعد ایک بار پھر 150 نمبر ریگ مار کا استعمال کریں۔ تاکہ یہ ملائم ہو جائے۔
5۔ ریگ مار کے بعد پھر دوبارہ دانہ لاکھ والی پالش کا ایک اور کوٹ کریں۔ اس طرح آپ اپنی ضرورت کے مطابق دو تین یا جتنے بھی کوٹ کرنا چاہیں کر سکتے ہیں۔
6۔ بیس تیار ہو جانے کے بعد اب کلر لگانے کی باری آتی ہے۔ کلر آپ کی مرضی پر منحصر ہے جو بھی کرنا چاہیں وہ تیار کریں۔
کلر تیار کرنے کا طریقہ
اپنی مرضی کے رنگ کا سیانہ پاوڈر لیں۔ کسی برتن میں حسب ضرورت سیانہ پاوڈر ڈالیں، اور اس میں بقدر ضرور مٹی کا تیل ڈالیں، اور ساتھ تھوڑا سا وارنش بھی شامل کریں۔ اور اچھی طرح مکس کریں۔ اور اسے تین چار گھنٹے رکھ دیں تاکہ سیانہ کلر، مٹی کا تیل، اور وارنش اچھی طرح مکس ہو جائے۔
7۔ جب سیانہ پاوڈر کی پالش تیار ہو جائے تو پہلے ایک کوٹ کریں۔ اور آدھا گھنٹہ اسے خشک ہونے دیں۔ پھر دوسرا کوٹ کریں اور خشک ہونے دیں۔ اسی طرح آپ دو، تین، چار جتنے مرضی کوٹ کر سکتے ہیں۔
8۔ جب سیانہ پاوڈر کے تین چار کوٹ ہو جائیں تو اسے تین چار گھنٹے تک اچھی طرح خشک ہونے دیں۔ اس کے بعد سب سے آخر میں چمک لگانی ہے۔
چمک لگانے کا طریقہ
9۔ چمک لگانے کے لیے سب سے پہلے وہی دانہ لاکھ والی پالش کے دو کوٹ وقفے وقفے سے لگائیں۔
پھر اس کے بعد سندرس پالش لگانی ہے۔
سندرس پالش بنانے کا طریقہ
1۔ سندرس کو پیس کر باریک کر لیں۔
2۔ سندرس کو کسی دیکچی میں ڈال کر آدھا لیٹر سپرٹ مکس کریں۔
3۔ اب دیکچی کو ہلکی آنچ پر رکھ لیں، جب دو تین ابال آجائیں تو اتار لیں۔
4۔ اب ململ کے کپڑے میں اسے چھان کر صاف کر لیں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔
5۔ آپ کی پالش تیار ہے۔ اب اسے فرنیچر پر ململ کے کپڑے کے ساتھ حسب ضرورت دو تین کوٹ کرلیں۔
پرانے فرنیچر کو چمکانے کے لیے سامان
1۔ سپرٹ تھنر آدھا لیٹر
2۔ سندرس آدھا پاو
3۔ ململ کا کپڑا
پالش بنانے کا طریقہ
1۔ سندرس کو پیس کر باریک کر لیں۔
2۔ سندرس کو کسی دیکچی میں ڈال کر آدھا لیٹر سپرٹ مکس کریں۔
3۔ اب دیکچی کو ہلکی آنچ پر رکھ لیں، جب دو تین ابال آجائیں تو اتار لیں۔
4۔ اب ململ کے کپڑے میں اسے چھان کر صاف کر لیں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔
5۔ آپ کی پالش تیار ہے۔ اب اسے پرانے فرنیچر پر استعمال کر سکتے ہیں۔
نوٹ: چولے پر ابال دیتے وقت ہلکی آگ جلائیں، سپرٹ کوآگ لگنے کا خطرہ ہوتا ہے۔
اگر پالش بچ جائے تو وہ خراب نہیں ہوتی پانچ چھ ماہ تک استعمال کر سکتے ہیں۔