کیا آپ اکثر سینے کی جلن کا شکار ہوتے ہیں ؟ ہوسکتا ہے کہ آپ کو معلوم نہ ہو مگر یہ معدے کی تیزابیت کا نتیجہ ہوتا ہے جس سے آپ کو سینے میں تکلیف محسوس کوتی ہے۔
یہ عام طور پر غذائی نالی کے نچلے حصے میں ہونے والی تکلیف کی وجہ سے ہوتا ہے۔
سینے میں جلن سے گلے میں تکلیف اور آواز بھرا یا بیٹھ جاتی ہے جبکہ منہ کا ذائقہ خراب محسوس ہوتا ہے۔
سینے کی جلن میں سب سے عام شکایت شکم کے اوپری حصے اور سینے میں تکلیف ہوتی ہے اور کئی بار لگتا ہے جیسے ہارٹ اٹیک نے نشانہ بنالیا ہے۔
اگر آپ کو اکثر سینے میں جلن کا سامنا ہوتا ہے تو بغیر ادویات کے بھی اس سے نجات پاسکتے ہیں، جس کے لیے چند غذائی چیزوں کا خیال رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
کم اور آہستگی سے کھانا
جب پیٹ بہت زیادہ بھر جاتا ہے تو تیزاب غذائی نالی میں جانے کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے، تو اس سے بچنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ دن میں 3 بار کھانے کی بجائے کم مقدار میں کئی بار کھانا عادت بنائیں جبکہ نوالے تسلی سے اچھی طرح چبائیں۔
مخصوص غذاﺅں سے گریز
سینے میں جلن کی شکایت اکثر رہتی ہے تو ضروری ہے کہ چند غذاﺅں سے گریز کریں یا کم از کم کھائیں جن میں پودینہ، چربی یا چکنائی والی غذائیں، مصالحے دار غذائیں، ٹماٹر، پیاز، لہسن، کافی، چائے، چاکلیٹ اور الکحل شامل ہیں۔ اگر آپ ان میں سے کچھ کا استعمال اکثر کرتے ہیں تو سینے میں جلن کی شکایت پر قابو پانے کے لیے ان سے گریز کرنے کی کوشش کریں، اور مسئلے سے ناجت کے بعد ایک، ایک کرکے واپس اپنائیں۔
سافٹ ڈرنکس سے گریز
ان مشروبات کا استعمال ڈکار کا باعث بنتا ہے، جس سے ایسڈ غذائی نالی میں چڑھ جاتا ہے، تو ان کی بجائے سادہ پانی کو ترجیح دیں۔
کھانے کے بعد لیٹنے سے گریز
جب آپ کھڑے ہوتے ہیں یا بیٹھے ہوتے ہیں تو کشش ثقل ایسڈ کو معدے میں رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ کھانے کے 3 گھنٹے بعد بستر پر جانے کا سوچیں، یعنی دوپہر کو کھانے کے بعد قیلولہ نہ کریں یا سونے سے کچھ دیر پہلے کچھ مت کھائیں۔ یہ ان افراد کے لیے جن کو اکثر سینے میں جلن کی شکایت رہتی ہے۔
بہت زیادہ تیزی سے چلنے سے بچیں
کھانے کے بعد 2 گھنٹے تک سخت ورزش سے گریز کریں، رات کو کھانے کے بعد چہل قدمی بہتر ہے مگر ورک آﺅٹ نہیں، کیونکہ اس سے بھی سینے میں جلن کا مسئلہ بڑھ سکتا ہے۔
تمباکو نوشی چھوڑ دیں
سیگریٹ میں موجود نکوٹین سینے میں جلن کا باعث بنتی ہے۔
جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھیں
جسمانی وزن میں اضافے سے غذائی نالی کے نچلے حصے کے مسل کی ساخت بھی پھیلی ہے، جس سے وہ دباﺅ کم ہوتا ہے جو اسے بند رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس کا نتیجہ سینے میں جلن کی شکل میں نکلتا ہے۔
ادویات
کچھ مخصوص ادویات سے بھی یہ خطرہ بڑھتا ہے اور اگر آپ کو ادویات کھانے کے بعد اس کا سامنا ہوتا ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرکے ان کو بدلنے کے لیے مشورہ کریں۔
اگر ان تمام نکات سے مدد نہ ملے یا شدید درد ہو یا کھانا نگلنے میں مشکل ہو، تو اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں تاکہ دیگر وجوہات کی تشخیص ہوسکے، کیونکہ ہوسکتا ہے طرز زندگی میں تبدیلیوں کے ساتھ ادویات کی بھی ضرورت ہو۔