سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید 2 ہزار سے زائد قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اعلان کیا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید 2 ہزار ایک سو 7 قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں قید بقیہ قیدیوں کے کیسز کا جائزہ لیا جائے گا، پاکستان کے عوام اس اقدام پر ان کے شکر گزار ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ولی عہد محمد بن سلمان کے بے حد شکر گزار ہیں، جنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی درخواست پر فی الفور سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2 ہزار ایک سو 7 قیدیوں کی رہائی کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت بڑی خبر ہے، بہت سے پاکستانی خاندان جو عرصہ دراز سے درخواست کر رہے تھے، آج ان کی سنی گئی ہے۔