خولنجاں
اس کولاطینی ایلے پینیا گلنگا(AlipiniaGalanga) اور انگریزی میں گریٹر گیلنگل(Greater Galangal)کہتے ہیں۔ جبکہ عربی خولنجان۔ ہندی کلنجن۔ گجراتی کلنجن۔بنگالی کلنیجن۔ سنسکرت کولنجن۔ مراٹھی کوشٹ کولنجن۔ تامل گیرا رائتی۔تیلگو پیدومپ ،انٹیو کمو۔پنجابی کلنجن۔ راجستھانی کلیجن۔
شناخت: ہندوستان میں ہمالیہ، جنوبی ہند اور مغربی بنگال میں اس کی کاشت کی جاتی ہے۔پڑوسی ممالک میں بھی پیدا ہوتی ہے۔ اس کا پودا لگ بھگ ایک سے دو میٹر تک اونچا ہوتا ہے۔ پودے کی جڑ جو اصل میں زمین کے اندر ہوتی ہے۔ پتے ایک دو فٹ لمبے اور چھ انچ تک چوڑے و نوک دار ہوتے ہیں۔پھل لیموں کے برابر ہوتے ہیں۔بیج ہرایک پھل میں 4سے 6 تک ہلکے بھورے رنگ کے خوشبو دار ہوتے ہیں۔ اس پر پھول موسم گرما میں لگتے ہیں۔ اس کی جڑ آلو کی طرح زمین کے اندر اور خوشبودار ہوتی ہے۔ اس کی جڑ کو کاٹ کر سکھا کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے بازار میں فروخت کرتے ہیں۔ یہ عام طور پر ایک سے دو انچ لمبے اور انگوٹھے کے برابر موٹے ہوتے ہیں جو اوپر سے لالی لئے ہوئے ہوتے ہیں۔ یہ تیز خوشبودار، مزہ چرپراسا، رنگ بھورا سیاہ و لال ہوتا ہے، بازار میں عام طور پر یہ’’ پان کی جڑ‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔ جبکہ پان سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ماڈرن تحقیقات: اس میں کیمفرائیڈ،گلیکن اور ایلپینن نام کے تین مختلف ست پائے جاتے ہیں۔ اس کے تازے تنے سے ایک دل پسند خوشبودار اڑنے والا تیل 0.04 فیصد حاصل ہوتا ہے۔ جس میں 48 فیصد میتھل سینی منٹ 20۔ 30 فیصد سنی اول، کافور اور ڈی پائینین پائے جاتے ہیں۔ پتوں میں بھی اڑنے والاتیل پایا جاتا ہے۔
مزاج:گرم و خشک۔
مقدار خوراک:ایک سے دو گرام تک۔
فوائد:معدہ کو طاقت دینے والا، ہاضم اور مردانہ طاقت بڑھانے والا، بلغم خارج کرتا ہے۔تر کھانسی کو بہت ہی مفید ہیں آواز صاف کرتا ہے۔ صوبہ میسور میں بوڑھوں کی کھانسی و نزلہ کے لئے گھریلو علاج کی صورت میں استعمال کیا جاتا ہے۔ درد کمر، درد گردہ و دردقولنج کے لئےمفید ہے، پٹھوں کو طاقت دیتا ہے۔ کھانسی،دمہ، گلے کی خراش اور شادی سے پہلے وشادی کہ بعد کی کمزوری کے لئے ا سے استعمال کرتے ہیں۔ اس کی طاقت سات سال تک رہتی ہے۔
خولنجان(کلنجن)کےآسان مجربات درج ذیل ہیں:
مردانہ کمزوری:ایک گرام سفوف خولنجان دودھ کے ہمراہ صبح وشام کھانا کھانے کے ڈیڑھ گھنٹہ بعداستعما ل کرانا مر دانہ کمزوری کے لئے مفید ہے۔
کالی کھانسی:خولنجان کا سفوف بنا ئیں اور تھوڑے سے شہد میں ملاکر چٹانا بچوں کی کالی کھانسی کے لئےمفید ہے۔
سینے کے امراض:خولنجان 10گرام، ملیٹھی(چھلی ہوئی) 10گرام، سفوف بنالیں اور ایک سے دو گرام صبح و شام شہد میں چٹائیں۔ سینے کے تمام امراض میں مفید ہے اور آواز کو صاف کرتی ہے۔ گانا گانے والے صرف اس کی جڑ کو ہی چوسا کرتے ہیں جس سے ان کی آواز درست رہتی ہے ۔
چھینکیں آنا:خولنجان کو باریک پیس کر پوٹلی میں باندھ کر سونگھائیں۔چھینکیں رُک جائیں گی۔
دانت درد:خولنجان کاسفوف بناکر دانتوں پر بطور منجن کے ملنے سےدانت درد کو آرام آجاتا ہے۔
آواز کا بیٹھ جانا:بچ،کالی مرچ اور چینی برابرلے کر سفوف بنالیں اور 1/2 گرام سے ایک گرام شہد میں ملا کر دن میں دو سے تین بار استعمال کریں۔
منہ کی بدبو:خولنجان کا ٹکڑا منہ میں رکھ کر چوستے رہنے سے نہ صرف منہ کی بدبو دور ہوتی ہے بلکہ گلے کی خراش بھی دور ہو جاتی ہے۔
پیٹ کا درد:خولنجان، اجوائن دیسی،نمک سیاہ، برابر برابر لے کر سفوف بنائیں۔ 2 سے 3 گرام صبح شام پانی کے ساتھ استعمال کریں۔
دیگر:خولنجان،سونٹھ،سیندھا نمک برابر برابرلےکر سفوف بنالیں۔دو سے تین گرام پانی سے لیں۔پیٹ درد بھوک نہ لگنے کےلئے مفید ہے۔
پیشاب کی زیادتی:خولنجان،سونٹھ برابر لے کرسفوف بنالیں،ایک سے دوگرام شہد میں صبح و شام لیں۔
سفوف خولنجان:خولنجان ،عقرقرحا،بچ،برہمی،کٹھ شیریں،کالی مرچ،سب برابربرابر لے کر سفوف بنالیں۔خوراک ایک سے دو گرام شہد میں ملا کر چٹائیں، آواز بیٹھ جانے کے عارضہ میں مفید ہے اور دماغی طاقت بھی بڑھتی ہے۔ صبح و شام استعمال کرائیں۔
دھڑ کا مارا جانا:خولنجان، گری چلغوزہ، گری بادام، پستہ، چرونجی، ہر ایک 20۔ 20 گرام، کیسر 5 گرام،سفوف بناکر 3 گناہ شہد خالص میں معجون بنالیں اور 6۔ 6 گرام صبح و شام نیم گرم دودھ سے لیں۔دھڑ کے مارےجانے،منہ کے ٹیٹرھا ہوجانے ومردانہ طاقت کےلئے مفید ہے۔
مردانہ طاقت:خولنجان کے 3گرام سفوف کو10 گرام شہد خالص میں ملاکر چٹائیں اوپر سے نیم گرم گائے کے دودھ میں شہد ملاکر پلائیں۔مردانہ طاقت وسرعت کےلئے مفید ہے۔
یہ بھی پڑھیں: زعفران کا تعارف
درددانت:خولنجان کو باریک پیس کر کپڑ چھان کرلیں۔اس سفوف کی چٹکی دن میں دو تین باردانتوں پر ملیں۔آدھا گھنٹہ بعد نیم گرم پانی سے کلیاں کرلیں ،دو تین دن میں دانت درد دور ہوجائے گا۔جب کوئی دانت یا داڑھ ہلتی ہو اور ساتھ ہی درد ہو۔مسوڑھے سوج گئے ہوں ۔خواراک کھانے میں درد ہوتا ہو،ٹھنڈا پانی برادشت نہ ہوتا ہو تو ایسی حالت میں اس کا استعمال بہت ہی مفید ہے۔
خولنجان کے مشہور یونانی مرکبات
جوارش عود شیریں:خولنجان،عودہندی ،دارچینی،جائفل،تج،پپلی،الائچی خورد ہر ایک15-15گرام،اسارون،کیسر ہرایک ہر ایک 6۔ 6گرام،چینی 250 گرام، شہد خالص 350 گرام، چینی و شہد کا قوام کرکے تمام ادویات، باریک کوٹ چھان کر ملائیں۔ خوراک 5 گرام صبح و 5 گرام شام ہمراہ دودھ نیم گرم دیں۔ معدہ اور دل کو طاقت دیتی ہے۔ بھوک بڑھانے کے لئے بہت مفید ہے۔
معجون چوب چینی:خولنجان، لونگ، جائفل، جاوتری، پھول گلاب،کیسر، زرنباد، سعد کوفی ہر ایک ساڑھے چار گرام۔ سونٹھ،پپلی،عقرقرحا،جدوار خطائی،ہرایک 9گرام، دارچینی، بڑی الائچی، مرچ سیاہ، سورنجان، بوزیدان، سناء مکی، اندرجو شیریں ہر ایک1 3/4 گرام، چوب چینی 132 گرام۔
سب دواؤں کو کوٹ پیس کر چھان لیں اور تین گناہ شہد خالص کے قوام میں ملا کرمعجون بنا لیں۔
6گرام صبح عرق عشبہ 100 گرام کے ساتھ کھائیں۔ تمام اعضاء کے درد کو دور کرتی ہے۔ درد کمر، جوڑوں کے درد( گنٹھیا) کے لئے جس کا سبب زہریلے امراض ہوں، کے لئے مفید ہے۔
سفوف خولنجان:( حکیم جلیل احمد صاحب لکھنوی پرنسپل طبیہ کالج)۔ خولنجان 12 گرام، سلاجیت شدھ ایک گرام، کشتہ مرجان ایک گرام، سب کو باریک پیس کر کپڑ چھان کر لیں۔آدھا سے ایک گرام ہمراہ عرق سونف دیں۔ بول زلالی و کثرت پیشاب کے مریضوں کو بہت مفید ہے۔
از: حکیم وڈاکٹرہری چند ملتانی