جب آپ ہارٹ اٹیک کے بارے میں سوچتے ہیں تو ممکنہ طور پر ذہن میں ایسی تصویر سامنے آتی ہوگی جس میں کوئی فرد اپنے سینے کو تھامے ہوئے نیچے گر رہا ہے۔
مگر حقیقت تو یہ ہے اس کی علامات خصوصاً خواتین میں، بالکل مختلف ہوسکتی ہیں، جس کی وجہ سے ان پر زیادہ توجہ بھی نہیں دی جااتی۔
امراض قلب دنیا بھر میں مردوں اور خواتین کی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیں، مگر مردوں میں ہارٹ اٹیک کی شرح زیادہ ہوتی ہے، تاہم خواتین میں بھی یہ کچھ کم نہیں۔
خواتین میں ہارٹ اٹیک کی علامات درج ذیل ہوسکتی ہیں جو کہ عام طور پر کئی دن پہلے ہی سامنے آجاتی ہیں۔
بدہضمی
چونکہ دل معدے کے اوپر موجود ہے تو ہارٹ اٹیک کو بدہضمی سمجھنا بہت عام ہے مگر بدقسمتی سے خواتین کے لیے یہ زیادہ تباہ کن ثابت ہوتا ہے کیونکہ ان کے لیے ہارٹ اٹیک کو شناخت کرنا اس لیے مشکل ہوجاتا ہے کیونکہ وہ پیٹ یا معدے میں درد محسوس کررہی ہوتی ہیں، تو وہ گھر میں رہ کر علاج کی کوشش کرتی ہیں۔ تو اگر درد حد سے زیادہ ہو یا کئی منٹ سے زیادہ رہے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
جبڑے اور کمر میں درد
سینے میں درد کو کسی اور حصے جیسے جبڑے یا کمردرد سمجھ لینا بہت آسان ہوتا ہے، یہ ایسا نہیں کہ ہارٹ اٹیک مختلف نہیں بلکہ خواتین میں علامات کا تصور مختلف ہونا ہے۔
سینے میں جلن
بدہضمی کی طرح خواتین کے لیے ہارٹ اٹیک اور سینے میں جلن میں فرق کرنا بھی کافی مشکل ثابت ہوتا ہے، دل غذائی نالی کے اوپر موجود ہے تو کئی بار سینے میں جلن ہارٹ اٹیک کی طرح لگتی ہے اور ہارٹ اٹیک سینے کی جلن جیسا لگ سکتا ہے۔ تو اگر یہ جلن 5 سے 7 منٹ سے زیادہ ہو اور بیٹھنے یا آرام کرنے سے بھی سکون نہ آئے تو یہ غیرمعمولی ہے۔
سانس لینے میں مشکل
اگر جسمانی سرگرمی کے بعد سانس گھٹنے کا احساس ہو تو یہ معمول کا حصہ ہے، مگر جب یہ تجربہ بیٹھے ہوئے یا سیڑھیاں چڑھتے ہوئے ہو، تو یہ اس بات کی نشانی ہے کہ دل میں کچھ گڑبڑ ہے، یہاں تک کہ سانس لینے میں مشکل کے ساتھ سینے میں تکلیف نہ بھی ہو تو بھی یہ ہارٹ اٹیک کی علامت ہوسکتی ہے، اگر آپ کو محسوس ہو کہ کچھ غلط ہے تو فوری طبی امداد حاصل کریں۔
بائیں ہاتھ میں تکلیف
مردوں اور خواتین میں اوپر درج علامات کا سامان ہوسکتا ہے مگر بائیں ہاتھ میں درد ایسی علامت ہے جس میں اکثر دماغ کا تعین نہیں کرپاتا کہ درد کہاں سے آرہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اعصاب اوپری بازو، سینے سے ایک ہی جگہ جڑے ہوتے ہیں تو دماغ سمجھ نہیں پاتا کہ دل میں درد ہے وہ اسے ہاتھ میں سمجھ لیتا ہے، جیسے آپ انگلی میں چٹکی لیں تو آپ کو تکلیف وہاں ہی محسوس ہوگی، سینے میں اس کا اثر نہیں ہوگا۔
دل متلانا
ہارٹ اٹیک سے پہلے دل متلانا خواتین میں عام علامت ہے، دل جسم کا اہم ترین عضو ہے اور جب اسے دوران خون مناسب مقدار میں نہیں ملتا تو دل کے مسلز مرنے لگتے ہیں اور لوگوں کو بیماری کا احساس ہوتا ہے، جیسے دل متلانا، سردی لگنا، سرچکرانا وغیرہ۔ تو اگر یہ حالت 5 سے 7 منٹ سے زیادہ طویل ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
سینے میں درد
یہ ہارٹ اٹیک کی سب سے جانی پہچانی جانے والی علامت ہے جس میں ایسا لگتا ہے کہ سینے میں کوئی بھاری چیز بیٹھ گئی ہے یا دل کے قریب جکڑن کا احساس ہوتا ہے، اگر ایسا تجربہ ہو تو طبی امداد حاصل کرنی چاہئے۔