قسط نمبر1 جادو نگری اور جنات وعملیات کی دنیا کتاب لکھنے کا مقصد

جادو نگری اور جنات وعملیات کی دنیا
کتاب لکھنے کا مقصد

سید عبدالوہاب شاہ
جادو نگری اور جنات وعملیات کی دنیا کے نام سے یکم جولائی 2019؁ء کو میں نے ویڈیوز کا ایک سلسلہ یوٹیوب پر شروع کیا۔اس سلسلے کو شروع کرنے کا مقصد یہ تھا کہ لوگوں کو عملیات کی دنیا کے بارے بتایا جائے کہ یہاں کیا کیا ہوتا ہے اور کیسے کیسے عامل، جادوگر لوگوں کے نہ صرف مال وعزت کو لوٹتے ہیں بلکہ دین ایمان سے بھی محروم کردیتے ہیں۔ عملیات کو عام طور پر روحانیت کے نام پر کیا جاتا ہے اور دین کا ایک حصہ یا شعبہ سمجھا جاتا ہے، اس لیے ایک عام آدمی تو عام آدمی ہے اچھے خاصے پڑھے لکھے لوگ بلکہ عام علماء بھی اس فراڈ اوربے دینی کی باریکیوں سے واقف نہیں ہیں۔ عملیات کا کام کرنے والے پہلے معاشرے میں معیوب سمجھے جاتے تھے اور انہیں کاہن، عراف، اور نجومی کہا جاتا تھا، لیکن پھر آہستہ آہستہ دین دار طبقہ کہلانے والے بعض جاہل علماء نے بھی اس میدان میں قدم رکھ لیا، بس مارکیٹ سے دو چار عملیات کی کتابیں اٹھائیں اور ان میں سے دیکھ دیکھ کر لوگوں کو تعویذ لکھ کر دینے لگے۔اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ عام عوام نے ان علماء کی مسندوں، پگڑیوں اور داڑھیوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اس شیطانیت کو روحانیت اور دین سمجھنا شروع کر دیا۔ اس بھی بڑھ کر یہ نقصان ہوا کہ لوگوں کا دینی تصور ہی غلط ہوگیا اور لوگوں نے دین اسلام اور قرآن کو محض دم درود، وظیفوں اور عملیات کی کتاب سمجھ لیا۔حساب کتاب کے نام پر عاملوں نے جو سلسلہ شروع کیا اس سے لوگوں کا یہ عقیدہ بن گیا کہ یہ عامل غیب جانتا ہے اور میرے ماضی حال،مستقبل اور میرے نفع نقصان کی خبر رکھتا ہے۔ لوگوں کا قرآن کے بارے عجیب تصور بن چکا ہے، ان کا خیال ہے قرآن محض اس بات کی کتاب ہے کہ اس فلاں آیت کو اتنی بار پڑھا جائے تو کاروبار چلتا ہے اور فلاں آیت کا اسٹیکر دکان میں لگانے سے دکان چلتی ہے۔ جبکہ قرآن کا اصل مقصد اسے سمجھ کر اللہ کے پیغام کو جاننا اور اس پر عمل کرنا ختم ہوگیا۔
اس کے علاوہ کچھ عرصہ قبل میں نے دجالیت پر ویڈیوز کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا جسے لوگوں نے بہت پسند کیا اور لوگوں کو کافی فائدہ ہوا مجھے کئی لوگوں نے مشورہ دیا کہ آپ جادو جنات و عملیات پر کچھ ویڈیوز بنائیں، میں خود بھی اس بارے سوچ بچار کررہا ہے تھا لیکن سمجھ نہیں آتا تھا کہ کیسے اس موضوع پر بات کروں، جب بھی ویڈیو بنانے کا ارادہ کرتا کوئی موضوع زبان پر آتا ہی نہیں تھا بس ذہن میں ہی باتیں رہتی تھیں، پھر اللہ کو جب منظور ہوا تو ایسی زبان کھلی کہ اب تک ایک سال میں دوسو کے قریب ویڈیوز بن چکی ہیں اور ابھی بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔
اس دوران لاہور سے کسی صاحب کا مجھے فون آیا کہ میں آپ کی ویڈیوز کو لکھ کر کتابی شکل دینا چاہتا ہوں، میں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ یہ کام دونوں مل کر کریں گے۔ لیکن پھر دبارہ نہ تو ان صاحب نے رابطہ کیا اور نہ ہی مجھے ہمت ہوئی۔ ابھی پچھلے دو تین دن سے بار بار مجھے یہ خیال آرہا ہے کہ اس موضوع کو اور منظم انداز بھی مرتب کرکے تحریر کی شکل میں بھی محفوظ ہونا چاہیے تاکہ لوگ اس سے استفادہ کرسکیں۔چنانچہ آج مورخہ 27/11/2020 کو اللہ کا نام لے کر میں اس کام کا آغاز کررہا ہوں۔میری کوشش ہو گی جب بھی کسی ایک ٹاپک کو مکمل کروں دو چار صفحات لکھوں تو اسے ایک مضمون کی شکل میں فوری طور پر اپنی ویب سائٹس
www.etopk.com  www.nuktaguidance.com  www.eislamicbook.com
سمیت سوشل میڈیا پر پبلش کردوں تاکہ کتاب تیار ہونے کے ساتھ ساتھ مضامین کی شکل میں یہ باتیں عوام تک پہنچتی رہیں۔
اللہ سے دعا ہے اللہ تعالیٰ مجھے نہ صرف جلد از جلد اس موضوع کو مکمل کرنے کی توفیق دے بلکہ صحیح اور حق بات لکھنے کی بھی توفیق دے۔
وماتوفیقی الا بااللہ اللھم ارنا الحق حقاوالرزقناالتباعہ وارنا الباطل باطلا والرزقنااجتنابہ

فہرست پر واپس جائیں

Leave a ReplyCancel reply

Discover more from Nukta Guidance Articles

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

Exit mobile version