اخروٹ کھانے کی عادت بلڈ شوگر لیول کو کم کرنے اور ذیابیطس ٹائپ ٹو سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جریدے جرنل نیوٹریشن ریسرچ اینڈ پریکٹس میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کچھ مقدار میں اخروٹ کھانا بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول کرنے کے ساتھ بلڈ پریشر کو بھی ریگولیٹ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپنے بچوں کو سوشل سائنس پڑھائیں
اس کی وجہ اخروٹ میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈز ہیں جو فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح بڑھا کر گلوکوز لیول کو کم کرتے ہیں۔
ذیابیطس کے شکار افراد بھی اخروٹ کو روزانہ کھا کر اپنے بلڈشوگر لیول کو مستحکم رکھ سکتے ہیں۔
اس تحقیق میں 119 افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا جو میٹابولک سینڈروم کا شکار تھے۔
ان لوگوں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ایک گروپ کو 16 ہفتے تک روزانہ 45 گرام اخروٹ کا استعمال کرایا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو سفید ڈبل روٹی کھانے کی ہدایت کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اخروٹ کھانے والے گروپ کے افراد میں بلڈ شوگر لیول کو مستحکم پایا گیا جبکہ فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح بہتر ہوگئی جس سے ہائی بلڈ پریشر کو بھی فائدہ ہوا۔
محققین کا کہنا تھا کہ جنک فوڈ کی جگہ اخروٹ کھانے کی عادت ذیابیطس کے مریضوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے جبکہ صحت مند افراد بلڈ شوگر بڑھنے کے مسئلے کو ٹال سکتے ہیں۔