ایک روحانی عامل کی خفیہ ڈائری
(سید عبدالوہاب شیرازی)
روحانی عامل کی خفیہ ڈائری یہ بہت ہی مشہور کتاب ہے جو پاکستان میں بڑی تعداد میں فروخت کی جارہی ہے۔ یہ کتاب لاہور میں مشہور شخصیت حکیم طارق محمود چغتائی جن کا مسلکی سفر غیرمقلدیت سے شروع ہوتا ہوا دیوبندیت تک آتا ہے اور جن کا کاروباری سفر پنسار سٹور سے شروع ہوکر پی ایچ ڈی حکیم کی ایسی ڈگری تک پہنچتا ہے جو آج تک کسی نے نہیں دیکھی۔اسی طرح ان کا علمی سفر ماہرین کی کتابوں کو چوری کرکے پوری کی پوری کتاب اپنے نام سے شائع کرنے سے شروع ہو کر، عبقری رسالے میں فرضی لوگوں کے ناموں سے مجربات شائع کرنے تک آتا ہے۔ جنہوں نے ہر کام کے من گھڑت، بے بنیاد وظائف بنا بنا کر امت مسلمہ کا تصور دین اور تصور قرآن وسنت ایسا بگاڑ دیا ہے جسے ٹھیک کرتے کرتے شاید صدیاں گزر جائیں۔
حکیم طارق محمود چغتائی صاحب کی ان گمراہ کن سرگرمیوں کے بارے اکابر علماءکی نجی محافل کی گفتگو میں ان سے بچنے کی تلقین تو ملتی ہے، اور چند ایک حضرات نے فتاویٰ بھی دیے ہیں لیکن ابھی تک کھل کر اور تفصیلی رد اس شخصیت کا نہیں کیا گیا، حالانکہ یہی وقت ہے اس فتنے کی سرکوبی کردی جائے۔
بہر حال ان کی چند کتابوں پر میں نے ویڈیوز بنانے کا ارادہ کیا تھا اور ایک کتاب جس کا نام روحانی عامل کی خفیہ ڈائری ہے اس پر ایک ویڈیو بنائی تھی اور باقی پر نہیں بنا سکا ان شاءاللہ کوشش ہو گی جلد از جلد باقی ویڈیوز بھی بن جائیں۔ اس کتاب کے بارے جو گفتگو ویڈیو میں کی گئی تھی اس کا خلاصہ یہ ہے کہ یہ کتاب بھی صریح اور واضح جادو ٹونے کے عملیات اور تعویذات سے بھری پڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قسط نمبر27: عملیات اور بازاری کتب
میاں بیوی میں جدائی ڈالنے کا عمل
اس کتاب روحانی عامل کی خفیہ ڈائری میں دو افراد یعنی میاں بیوی میں جدائی ڈالنے کا ایک عمل لکھا ہوا ہے جس کی تفصیل یہ ہے کہ: جب دو شخصوں میں جدائی مقصود ہو خواہ مرد ہوں یا ایک مرد اور ایک عورت۔ ان دونوں کے دو گڈے بنائیں یعنی ایک گڈا بنائیں اور ایک گڈی بنائیں، ان کے ناک، کان، منہ سب بنائیں، پھر بتیس سوئیاں لیں اور پھر ایک خاص نجومی حساب کتاب کرکے فلاں آیت پڑھ کر دم کریں اور ان سوئیوں کو ان گڈوں کے دماغ، آنکھیں، کان، نتھے، منہ، پاوں، اور شرمگاہ میں چبو دیں۔ پھر ان کو مردہ خیال کرکے کفن میں لپیٹ دیں اور دو قبریں کھودیں، اور جنازہ پڑھ کر ان دو گڈوں کو دفنادیں۔
لاحول ولاقوة الابااللہ۔ ان پتلوں اور گڈوں کو کفنا کر ان کی نماز جنازہ پڑھ کر دفنانا ہے۔یہ کیسی گمراہی ہے؟ اور کیسی قرآن و دین کی توہین ہے؟ انسانی پتلے بنا کر ان میں سوئیاں چبوکر قبروں میں دفنانا یہ صریح جادو کی عملیات ہیں، جنہیں حکیم طارق محمود چغتائی روحانیت کے لبادے میں لپیٹ کر عوام کو سکھا رہے ہیں۔
معشوق اور محبوب کو پانے کا عمل
اسی طرح اس کتاب روحانی عامل کی خفیہ ڈائری میں معشوق اور محبوب کو قابوکرنے اور گھیرنے کے طریقے اور عمل سکھائے گئے ہیں۔ ایک طرف تو یہ تصوف اور روحانیت کا نام لیتے ہیں اور دوسری طرف لڑکیوں کو گھیرنے کے طریقے سکھائے جارہے ہیں۔ اللہ ولی اور تصوف کا راستہ تو وہ ہوتا ہے جس میں عشق مجازی سے نکال کر عشق حقیقی پر لگایا جائے، لیکن حکیم طارق محمود چغتائی صاحب اپنی کتابوں میں عشق مجازی کرنے والوں کو وصال صنم کے عمل اور ٹوٹکے سکھا رہے ہیں۔
چنانچہ انہیں ٹوٹکوں میں سے ایک صفحہ 26 پرلکھا ہے کہ
یہ صورت سب سے زیادہ بہتر ہے کہ مطلوب کا نام ورد زبان بنائے اور جس طرح پاس انفاس کا وظیفہ کیا جاتا ہے اسی طرح سانس باہر آنے اور اندر جانے میں اسی کا نام نکلے۔ جب غلبہ نیند کا ہو تو اسی کے خیال میں اور سو کر اٹھے تو اس کا نام رٹنا ہے۔امید قوی ہے چالیس دن کے اندر اندر محبوب مطیع ہو جائے اور دلی محبت پیدا ہو۔ مخصوص دلی محبت کا یہ چٹکلہ بخدا تیر بہدف ہے۔
قارئین! یہ ہیں چغتائی تصوف کے چٹکلے ہیں جن میں اللہ کا نام ورد زبان کرنے کے بجائے معشوق کا نام ورد زبان کرنے کی تلقین کی جارہی ہے۔دین تو یہ سکھاتا ہے کہ تمہاری زبان اللہ کے ذکر سے تر رہے لیکن یہ صاحب معشوق اور محبوط کے نام سے زبان کو تر کرنے اور ہر اندر باہر جانے والی سانس میں محبوب کے نام کا ورد کرنے کا کہہ رہے ہیں۔
بالوں کے ذریعے محبوب قابوکرنے کا عمل
اسی طرح اس کتاب روحانی عامل کی خفیہ ڈائری میں جادو کی دنیا سے تعلق رکھنے والا ایک عمل یہ بھی لکھا ہوا ہے کہ محبوب کے سات عدد بال لیں، پھر ان پر سات عدد گرہیں لگائیں اور پھر اس کی ماں کے نام کے اعداد نکال کرایسا ایسا کریں۔استغفراللہ
اس طرح کے بے شمار عملیات محبت کے بعد کاروبار اور پیسہ عہدہ حاصل کرنے کے کچھ عملیات بھی اس کتاب میں موجود ہیں۔
دنیا پر حکومت کرنے کا عمل
روحانی عامل کی خفیہ ڈائری کتاب میں مثلا ایک عمل یہ لکھا ہوا کہ سورہ یس کو ندی میں کھڑے ہو کر ایک خاص طریقے سے چالیس دن پڑھنے سے آپ اس کے عامل بن جائیں گے اور جو سورہ یس کا عامل بن جاتا ہے وہ پوری دنیا پر سلطنت کرسکتا ہے۔ لاحول ولا قوة الابااللہ۔ چغتائی صاحب سے کوئی پوچھے آپ یہ عمل کرکے دنیا یا کم از کم پاکستان پر حکمرانی کیوں نہیں کرتے۔ تاکہ روز روز مختلف حیلوں بہانوں سے آپ کو لوگوں کی جیبوں سے پیسے نکالنے نہ پڑیں۔
نماز تسخیر
اس کتاب میں ایک نئی نماز بھی ایجاد کی گئی ہے جسے نماز تسخیر کا نام دیا گیا ہے اور اس کے فوائد یہ لکھے ہیں کہ اس طرح فرشتے بھی آپ کے تابع ہو جائیں گے۔اور روحیں بھی آپ کے تابع ہو جائیں گی۔
اس کتاب روحانی عامل کی خفیہ ڈائری میں علم رمل، علم جفر، علم نجوم، علم ابجد جو کہ ناجائز علوم ہیں جس کی تفصیل پہلے گزر چکی ہے لیکن اس کتاب روحانی عامل کی خفیہ ڈائری میں ان کو سیکھنے کے طریقے اور ان کا استعمال کے طریقے، زائچے بنانے کے طریقے سکھائے گئے ہیں۔
خزینہ عملیات
اس کتاب پر بھی میری ویڈیو بڑی تفصیل اور حوالوں کے ساتھ موجود ہے جسے آپ یوٹیوب پر دیکھ سکتے ہیں۔ویسے تو بے بنیاد عملیات کی کتابیں بے شمار ہیں، لیکن میں چند ایک وہ کتابیں آپ کے سامنے پیش کررہا ہوں جن کے ٹائٹل پر کسی عالم دین کا نام ہے اور وہ اس عالم دین کی نسبت سے دینی کتاب اورشرعی اعتبار سے مستند کتاب سمجھی جاتی ہے۔ خزینہ عملیات بھی انہی کتابوں میں سے ایک کتاب ہے جس کے ٹائٹل پر مولانا علامہ صوفی عزیزالرحمن پانی پتی کا نام لکھا ہے۔
اس کتاب کے آغاز میں لکھا ہے کوئی ستارہ سعد ہوتا ہے اور کوئی ستارہ منحوس ہوتا ہے، اسی طرح کتاب کے آخر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دن بھی منحوس ہوتے ہیں۔ یہ بات دین اسلام کے بنیادی عقائد کے منافی اور کاہنوں، عرافوں نجومیوں کے عقیدے کے مطابق ہے۔اسی طرح اس کتاب میں بھی قدیم مصری جادو کے تعویذ، نقش، جنتر، منتر اور عملیات ہیں۔ کتاب میں صرف محبت کے عملیات یعنی کسی عورت یا لڑکی کو پھنسانے کے ستر کے قریب عمل لکھے ہوئے ہیں، یعنی مولانا صاحب آوارہ لڑکوں اور ٹھرکی مردوں کی دل کی آواز بنے ہوئے ہیں۔
ایک عمل یہ لکھا ہے کہ یہ یہ چیز پڑھ کر پانی پر دم کریں، اور پھر اس پانی کو اپنے منہ میں لے کر غرارہ کریں، اور پھر اس پانی کو ایک برتن میں الٹی کرکے اس مرد یا اس عورت کو پلادیں جسے آپ پھنسانا چاہتے ہیں۔ قطع نظر اس کے کہ کسی کو پھنساناکتنا درست ہے، یہ عمل ہی ناجائز ہے کہ آپ اپنے غرارہ کیے ہوئے پانی کو لاعلمی میں کسی کو پلادیں۔
اسی طرح محبت کے لیے ایک عمل یہ لکھا ہے کہ آپ نے فلاں سورت بالکل ننگے ہو کر لکھنی ہے، یعنی شلوار قمیص اتار کر قرآن کو لکھنا ہے، نعوذبااللہ۔کیا یہ روحانیت ہے؟ کیا یہ اسلام ہے؟نہیں بالکل نہیں بلکہ یہ توہین قرآن ہے۔
اسی طرح اس کتاب خزینہ عملیات میں دو افراد کے مابین دشمنی پیدا کرنے کے بہت سارے اعمال لکھے ہیں۔ سورہ بقرہ آیت 102 میں اللہ تعالی نے جادو اور جادوگروں کا تذکرہ کرتے ہوئے اس بات کا بطور خاص تذکرہ کیا ہے :
فیتعلمون منھما ما یفرقون بہ بین المرءوزوجہ
وہ سیکھتے تھے ایسے عمل جن کے ذریعے میاں بیوی کے درمیان دشمنی اور جدائی ڈالی جاسکے۔
قارئین کرام انہیں کتابوں سے عام لوگ یا عاملین یہ عمل اور تعویذات ساس اور بہو وغیرہ کو لکھ کر دیتے ہیں، یا کسی کا کاروبار برباد کرنے کے لیے دیتے ہیں۔اسی طرح کچھ نقش قبر میں دفنانے کے لیے دیے ہوئے ہیں، اس طرح کے عملیات بھی جادوگر ہی کرتے ہیں۔اسی طرح اس کتاب میں قرآنی آیات کو منتروں میں مکس کرکے لکھا ہوا ہے۔ اسی طرح سینگوں والی شیطانی اشکال اور نقش اس کتاب میں مختلف کاموں کے لیے دیے ہوئے ہیں۔
فہرست پر جانے کے لیے یہاں کلک کریں۔
روحانی عامل کی خفیہ ڈائری روحانی عامل کی خفیہ ڈائری روحانی عامل کی خفیہ ڈائری